7 اکتوبر 2013 - 20:30
محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، علامہ اشفاق وحیدی

اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

ابنا: دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمیشہ حکومتوں کے ساتھ تعاون کیا۔ انتہاء پسندوں نے ملک کی معیشت کے علاوہ بین اقوامی سطح پر قومی تشخص کو بُری طرح نقصان پہنچایا۔ بین المذاہب ہم آہنگی ملک میں امن و امان کے لئے ایک مؤثر آواز ہے۔ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اس بات کا اظہار شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل تمام مکاتب فکر کے علماء کی بھرپور کانفرنس منعقد کی جائے گی جو امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے مؤثر ثابت ہو گی۔ علامہ اشفاق وحیدی نے حکومت پر زور دیا کہ قیام امن کے لئے تمام بڑے شہروں میں محرم سے قبل سرچ اپریشن کیا جائے۔ انہوں نے حالیہ کل جماعتی کانفرنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں بلایا گیا جس کی وجہ سے اے پی سی غیر مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

.......

/169